بنگلورو26؍مارچ(ایس او نیوز) سپریم کورٹ کے کولیجیم کی طرف سے مرکزی حکومت کو مختلف ہائی کورٹوں کے لئے 16ججوں کے تقرر کی سفارش کی گئی ہے جن میں سے آٹھ وکیلوں کے نام کرناٹک سے ہیں۔آج سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گگوئی اور جسٹس ایس اے بوبڈے اور جسٹس ایل وی رمنی پر مشتمل سپریم کورٹ کے کولجیم نے جج کے عہدے کے لئے 16نام مرکزی حکومت کو تجویز کئے ، ان میں کیرلا کے وکلاء سیان لوئیس ،محمد اویس ، اور کے کے پولو شامل ہیں۔ ان کے علاوہ کرناٹک ہائی کورٹ سے جڑے وکیل وشواجیت شٹی ، سنگا پور راگھوا چار، اندرا کمار ارون، محمد غوث، اشوک سبھاش چندرا ، گووند راج سورج، اینگل گپے سیتارامیا، اندریش اور سچن شنکر موگادم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا سے اویناش جگروٹے ، بی سوریہ ونشی، مادھو جاندار، انیل کلون ، ملند نریندر جادھو، مجموعی طور پر یہ 16نام مرکز کودئے گئے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ مختلف ریاستی ہائی کورٹوں کی طرف سے جج کے عہدوں کے لئے ناموں کی سفارش کی جاتی ہے۔ ہائی کورٹ کی طرف سے تجویز کئے گئے سات تا آٹھ ناموں میں سے سپریم کورٹ کی طرف سے ایک نام جج کے عہدے کے لئے آگے بڑھایا جاتا ہے۔